پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ،تین اہلکار شہید
Peshawar suicide attack
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت پشاور کے صدر علاقے میں واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر خودکش دھماکے اور مسلح حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

حملے میں ایف سی کے 3 اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کیا، جس کے فوراً بعد 2 مزید دہشت گرد اندر گھسنے کی کوشش کرنے لگے۔ تاہم ایف سی اہلکاروں کی فوری فائرنگ کے نتیجے میں دونوں حملہ آور مارے گئے، تینوں دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں فائرنگ تھم گئی۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تصدیق کی کہ سیکیورٹی انتظامات مؤثر ہونے کے باعث حملہ آوروں کو کمپلیکس کے اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گرد اندر داخل ہوجاتے تو نقصان کئی گنا زیادہ ہوتا، مگر کوئیک رسپانس نے بڑی تباہی سے بچا لیا۔

یہ بھی پڑھیں:گھر بیٹھے ای چالان ختم کرانے کی سہولت متعارف

سی سی پی او پشاور کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں جن کی بنیاد پر دھماکے کی نوعیت اور طریقۂ واردات کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔

شہداء میں حوالدار عالمزیب پلاٹون 277، سپاہی ریاست پلاٹون 478 اور سپاہی الطاف پلاٹون 277 ،جبکہ زخمیوں میں لانس نائیک زیک پلاٹون 277 ، سپاہی ارشد BDS، سپاہی عطاء اللہ پلاٹون 147 اور سپاہی عرفان پلاٹون 147 شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، جہاں ایک زخمی کو منتقل کیا گیا جس کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔

جائے وقوعہ پر ایف سی، فیڈرل ریزرو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موجود ہیں جبکہ علاقے کے داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔