عابد شیر علی کو ووٹ کی رازداری توڑنے پر نوٹس جاری
Abid Sher Ali notice
فائل فوٹو
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) قومی انتخابات کے دوران ووٹ کی رازداری کے معاملے پر ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی مشکل میں پڑ گئے۔

فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر نے ووٹ کی رازداری پامال کرنے کے الزام میں عابد شیر علی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔

خیال رہے کہ یہ نوٹس اُس وقت جاری کیا گیا جب ن لیگی رہنما کی سرِعام بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ وائرل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عابد شیر علی ووٹنگ شیلڈ کے پیچھے جانے کے بجائے کھلے عام شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا رہے ہیں، جبکہ انتخابی عملہ اور کئی لوگ اس موقع پر موجود ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کے مطابق ووٹ لازمی طور پر خفیہ طریقے سے کاسٹ کیا جانا چاہیے، جس کیلئے ووٹر کو ووٹنگ شیلڈ کے اندر جا کر بیلٹ پیپر پر مہر لگانا ہوتی ہے۔

ضابطۂ اخلاق کی اس خلاف ورزی نے نہ صرف سیاسی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے بلکہ انتخابی شفافیت پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہری پور ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے میدان مار لیا

ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی کے اس عمل سے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی جس پر نوٹس جاری کرنا ضروری تھا، انہیں آج ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ انتخابی ضابطوں کے نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ میدانی سیاست میں ایسی خلاف ورزیاں مستقبل میں سخت کارروائی کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔