وزیراعظم مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حامی ہیں، ہم تو کہتے ہیں سیاست دان مل بیٹھ کر مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی غیر مشروط پیشکش کی تھی، جمہوریت مکالمے کے ذریعے ہی پروان چڑھتی ہے، گزشتہ برس دسمبر میں حکومت اور اپوزیشن کےد رمیان مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک شخص جیل میں بیٹھ کر ملک میں انتشار، انارکی اور فتنہ پھیلانا چاہتا ہے اور اس کی مثالیں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی صورت میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رانا ثناء اللہ الیکشن کمیشن کے ریڈار پر
ضمنی انتخاب سے متعلق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ امید ہے لوگ خدمت، ترقی اور اپنے مسائل کے حل کے لیے ووٹ دیں گے، مسلم لیگ (ن) ہی ایسی جماعت ہے جو ووٹ کی اصل حقدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کا عمل دن بھر شفاف اور پرامن انداز میں جاری رہا، اگر اس کے باوجود کوئی رونا دھونا چاہتا ہے، یا کوئی کل سے اور آج صبح سے دھاندلی کا شور مچا رہا ہے، تو اس کا ہمارے پاس کوئی حل نہیں۔