حلقہ این اے 129 ضمنی الیکشن کی پولنگ سکیم سامنے آگئی
صوبائی دارالحکومت لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 میں ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے حتمی پولنگ سکیم تیار کر لی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 میں ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے حتمی پولنگ سکیم تیار کر لی۔

الیکشن کمیشن ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے ضمنی انتخاب میں 5 لاکھ 58 ہزار سے زائد مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، حلقہ میں 334 پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے جن میں سے ایک بھی پولنگ سٹیشن نارمل نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ کے پچاس فیصد پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا ہے جبکہ پچاس فیصد پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ای سی پی ذرائع کا بتانا ہے کہ حلقہ میں الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی الیکشن، انتخابی حلقوں میں سکیورٹی کیلئے فوج طلب

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے تناظر میں ذرائع ابلاغ کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کوئی بھی میڈیا ادارہ پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری نتائج پولنگ کے اختتام کے کم از کم ایک گھنٹے بعد سے نشر کرے گا، ایسے نتائج نشر کرنے کے ہمراہ یہ واضح کرنا ہو گا کہ یہ نتائج غیر حتمی اور جزوی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں کمیشن متعلقہ حکام سے مناسب تادیبی کارروائی کیلئےلازماً رجوع کرے گا، کسی بھی حلقے کا حتمی اور سرکاری نتیجہ صرف متعلقہ ریٹرننگ آفیسر ہی جاری کرنے کا مجاز ہو گا۔