پنجاب: تعلیمی سرگرمیوں کے شیڈول میں اہم تبدیلیاں
تعلیمی سرگرمیاں
نئے اوقات کے مطابق صبح کی شفٹ 9:30 بجے سے 11:30 بجے تک جاری رہے گی/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کے شیڈول میں اہم تبدیلیاں کر دی گئیں، جس کے تحت موسمِ سرما، سموگ اور اسیسمنٹ شیڈول کے باعث سرکاری اور نجی اسکولوں کے اوقاتِ کار صرف 2 گھنٹے مقرر کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتھارٹی نے وسط مدتی سکول بیسڈ اسیسمنٹ 2025-26 کی ڈیٹ شیٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کلاس 1 سے 8 تک کے طلباء کے سالانہ مڈٹرم اسکول بیسڈ ٹیسٹ 12 دسمبر 2025 سے شروع ہوں گے۔ امتحانی شیڈول کے پیش نظر اسکولوں کے معمول کے اوقات میں عارضی تبدیلی ناگزیر تھی تاکہ امتحانات کی نگرانی، پرچہ جات کی تقسیم اور طلباء کی سیکیورٹی کو بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔

نئے اوقات کے مطابق صبح کی شفٹ 9:30 بجے سے 11:30 بجے تک جاری رہے گی جبکہ بعد دوپہر کی شفٹ کے اسکول 2:00 بجے سے 4:00 بجے تک کھلے رہیں گے۔ جمعہ کے روز یہ وقت 2:30 سے 4:30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پنجاب ایجوکیشن انیشی ایٹیوز مینجمنٹ اتھارٹی (PEIMA) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے بعد نافذ العمل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ کا خیبرپختونخوامیں نرسنگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

سرکاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سخت موسم، دھند اور سموگ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بچوں کی صحت و سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اسکولوں کا دورانیہ کم کر کے دو گھنٹے رکھا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سموگ کے باعث صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک مسائل اور طلباء کے سفر میں دشواریاں پیدا ہو رہی تھیں، اس لیے نئے اوقات نافذ کیے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کی نقل و حمل محفوظ رہے۔

اسی دوران پنجاب حکومت نے موسمِ سرما کی تعطیلات 2025 کے شیڈول کا بھی باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 23 دسمبر 2025 سے بند ہوں گے جبکہ تعطیلات 10 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی۔ اسکول 13 جنوری 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ شیڈول پورے پنجاب میں یکساں طور پر لاگو ہوگا تاکہ تمام ادارے ایک ہی ٹائم لائن کے مطابق تدریسی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد طلباء کے تعلیمی سلسلے کو منظم رکھنا، امتحانات کی بروقت تکمیل اور موسم سے متاثر ہونے والے شیڈول کو بہتر انداز میں ترتیب دینا ہے۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو اسکول بھیجتے وقت سرد موسم سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ صورتحال میں بہتری آنے پر اسکولوں کے اوقاتِ کار دوبارہ معمول کے مطابق بحال کر دیے جائیں گے۔