پی ٹی آئی نے کل جمعہ کے روز احتجاج کی کال دیدی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کل ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کل ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے کل ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے، ستائیسویں آئینی ترمیم کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب کے تمام حلقوں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے کارکن کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے، تمام ٹکٹ ہولڈرز اور ایم پی ایز اپنے حلقوں میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے 27ویں ترمیم کے حوالے سے کہا تھا کہ ہم احتجاج کریں گے اور عوام کی طاقت سے اس حکومت کا راستہ روکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کی الیکشن کمیشن طلبی، تحریک انصاف کا اہم اجلاس طلب

ان کا کہنا تھا کہ جمعہ سے ہم احتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں، ہمارا احتجاج پرامن ہو گا، ہم تمام ممالک کے سفیروں کو خطوط لکھیں گے، ہم ان سے کہیں گے کہ اپنے ملک میں تو جمہوریت کے لیے قربانیاں دیتے ہیں، ہمارے ملک میں مینڈیٹ کی چوری ہورہی ہے۔

محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، یہ ملک بہت قربانیوں کے بعد بڑی مشکل سے حاصل کیا، اقوام متحدہ کی رپورٹ کہتی ہے پاکستان میں 45 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔