پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ہنگامی اجلاس آج رات کو ہو گا، اجلاس میں پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو بھی طلب کیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لیگل ٹیم سے اہم مشاورت کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن پیش ہونے اپنا جواب جمع کروانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہری پور انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دیں۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے اشتعال انگیز بیان پر نوٹس لیا، الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور امیدوار شہرناز عمر ایوب کو کل 21 نومبر کو طلبی کے نوٹس جاری کردیے اور الیکشن ایکٹ 2017 اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا عندیہ دیدیا۔
ای سی پی کی جانب سے کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حویلیاں جلسے میں انتظامیہ، پولیس اور الیکشن عملے کو دھمکایا، وزیراعلیٰ کے رویے سے این اے 18 ہری پور کا پُرامن ضمنی انتخاب متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ، پولیس، الیکشن اہلکاروں اور ووٹروں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی کی دھمکیوں کا نوٹس لے لیا
الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو چیف سیکرٹری اور آئی جی سے ہنگامی میٹنگ کی ہدایت کی اور سکیورٹی اقدامات کی رپورٹ فوری الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
جلسے کے اسٹیج پر ایک مفرور مجرم کی موجودگی پر بھی الیکشن کمیشن کا اظہارِ تشویش کیا اور وزارتِ داخلہ کو حلقے میں وفاقی اداروں کی مدد سے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی، الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران اور انتخابی مواد کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے خصوصی سکیورٹی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پُرامن انتخاب میں مداخلت پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔