نو مئی مقدمات: اعجاز چودھری و دیگر کی سزا معطلی کی اپیلو ں پر سماعت ملتوی
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 9 مئی مقدمات میں سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 9 مئی مقدمات میں سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اعجاز چودھری سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی نو مئی مقدمات میں سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکلاء عدالت پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوٹر منیر بھٹی عدالت پیش نہ ہوئے، عدالت نے پراسیکیوٹر منیر بھٹی کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اعجاز چودھری،میاں محمود الرشید اور افضال عظیم پاہٹ سمیت دیگر نے 9 مئی مقدمات میں سزاؤں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے شیر پاؤ پل اور جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کیں، درخواستوں گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت دس دس سال قید کی سزاؤں کو کالعدم قرار دے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ، پی ٹی آئی کا احتجاج پر غور

یاد رہے کہ 2023 میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطہ عدالت سے گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا ، پی ٹی آئی کے پُرتشدد مظاہروں کے دوران فوجی تنصیبات، ریاستی و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سمیت سیکڑوں کارکنان پر مقدمات درج کیے گئے تھے۔

بعدازاں طویل ٹرائل کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10،10 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔