خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سوشل پروٹیکشن والٹ سمز کا آغاز
BISP
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): بی آئی ایس پی نے ایک ملین خواتین کے لیے مفت والٹ سمز جاری کر دیں ہیں جس سے نقد امداد کی ترسیل مزید محفوظ، شفاف اور بااختیار بن جائے گی۔

سماجی معاونت کو ڈیجیٹل بنانے کے ایک بڑے اقدام کے طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے 10 لاکھ مستحقین خواتین کے لیے سوشل پروٹیکشن والٹ سمز کا اجرا کر دیا ہے جس کا مقصد امدادی رقوم کی ترسیل کو زیادہ محفوظ، شفاف اور آسان بنانا ہے۔

اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں اہل خواتین کو مفت موبائل سمز فراہم کی جائیں گی جو ان کے بی آئی ایس پی ڈیجیٹل والٹ تک رسائی کا ذریعہ ہوں گی۔ ان ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے خواتین محفوظ طریقے سے نقد امداد حاصل کر سکیں گی جس سے نقد ادائیگیوں پر انحصار کم ہوگا اور فراڈ یا رقم کی چوری کے خدشات بھی کم ہوں گے۔

اجرا کے اعلان کے دوران، بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین کے لیے طریقہ کار کی وضاحت کی، خواتین کو اپنے اصل شناختی کارڈ اور فعال موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا نامزد کیمپ پر جانا ہوگا،بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہر خاتون کو مفت سم جاری کی جائے گی جو بعد میں بی آئی ایس پی والٹ کے لیے ایکٹیویٹ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بسنت فیسٹیول کی پابندی ختم؟

سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ سم بالکل مفت ہے اور تنبیہ کی کہ کوئی بھی خاتون ان افراد کو رقم نہ دیں جو ایکٹیویشن کا دعویٰ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صرف بی آئی ایس پی ان والٹس کو ایکٹیویٹ کرنے کا مجاز ہے اور مستحق خواتین غیر تصدیق شدہ ایجنٹس سے مدد نہ لیں۔
انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ اپنی سمز کی حفاظت کریں جیسے وہ اپنی ذاتی قیمتی اشیاء کی حفاظت کرتی ہیں۔

بی آئی ایس پی نے تمام اہل خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ31 دسمبر سے پہلے اپنے مفت سمز نامزد دفاتر یا کیمپس سے حاصل کر لیں تاکہ اس جدید پروگرام سے محروم نہ رہ جائیں۔