بسنت فیسٹیول کی پابندی ختم؟
Basant festival
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ حکومت پتنگ بازی کے شوقین افراد کے لیے ایک سرپرائز پر کام کر رہی ہے۔

عظمی بخاری نے سنو تو سہی پروگرام میں اپنی گفتگو کے دوران عوام کی جانب سے بسنت فیسٹیول پرعائد پابندی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت مخصوص اور نامزد کردہ علاقوں میں بسنت کی پابندی ختم کرنے کے لیے ایک سرپرائز کی تیاری میں مصروف ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ فیسٹیول کی بحالی حکومت کا ہدف ہے لیکن ہر جان کی حفاظت سب سے اہم ہے اسی لیے صرف حکومت کی جانب سے منظور شدہ ڈور ہی استعمال کی جا سکے گی۔

انہوں نے اپنی زمین اپنا گھر پروگرام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 100,000 سے زائد افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

آئندہ مرحلے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے دوسرے فیز میں لاہور کی سرکاری زمین استعمال کرتے ہوئے مزید مستحق خاندانوں کو گھر فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے کے راستے مکمل طور پر بند

انہوں نے کہا کہ اگر مریم نواز پاکستان کی اگلی وزیر اعظم بنتی ہیں تو پنجاب میں ان کی کامیاب حکمرانی فطری طور پر آگے بڑھے گی۔

انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کے لیے حکومتی پروگرامز میں اضافے کا بھی ذکر کیا جن میں کھیلوں کے مقابلے اور پنک گیمز جیسے فیسٹیول شامل ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ عطا تارڑ اور مریم اورنگزیب اوران میں سے بہترین وزیر اطلاعات کون ہے تو عظمی بخاری نے سب کی مشترکہ کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تینوں محنتی ہیں اور اکٹھے مل کر کئی سیاسی مخالفین کے لیے برا خواب بنے ہوئے ہیں جبکہ حکومت کا مؤثر پیغام پہنچانے میں بھی کامیاب ہیں۔