لاہور کے ساتھ ساتھ پنجاب کے دیگر اہم شہروں گوجرانوالہ، گجرات اور ملتان میں بھی فضا انتہائی آلودہ ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سموگ کی وجہ سے آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری اور گلے کی خرابی کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے پہلے ہی ہفتے میں بارشوں کے امکانات موجود ہیں، جو سموگ کو کسی حد تک کم کر سکتی ہیں۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے مستقل حل کے لیے بارشیں کافی نہیں، مؤثر حکومتی اقدامات بھی ضروری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی سستی ہونے کا امکان، فی یونٹ کتنے کا ہو جائے گا؟
محکمہ موسمیات نے موسم کی عمومی صورتحال کے بارے میں بھی تازہ پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا غالب امکان ہے۔ اسلام آباد اور اردگرد کے علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ برقرار رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر ہلکی دھند پڑنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح مری، گلیات اور ان کے قریبی علاقوں میں موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔ اگرچہ ابھی برف باری کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا، مگر ٹھنڈ میں واضح اضافہ ہو گا۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، البتہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔