محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھے گی، صبح اور رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
پنجاب کے میدانی اضلاع اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ کئی مقامات پر ہلکی دھند چھائے رہنے کے امکانات ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، تاہم پنجاب کے چند اضلاع میں صبح سویرے دھند چھائی رہی۔
رپورٹس کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں موسمِ سرما کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی شدید سردی کا راج برقرار ہے، آج پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے، صوبے کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا اور برفانی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
ملک بھر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دسمبر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری، اسلام آباد میں 25 ڈگری اور کراچی میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 206 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد صوبائی دارالحکومت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر آ گیا۔ فیصل آباد میں اے کیو آئی 349، گوجرانوالہ میں 344 اور ملتان میں 272 ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت نے گنے کے کارخانوں پر سخت ایکشن شروع کر دیا
قومی ادارۂ صحت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اسموگ اور موسمِ سرما کے ملاپ سے سانس کی بیماریاں تیزی سے پھیل سکتی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق فضا میں موجود زہریلے مادے نمونیا، دمہ اور الرجی کے کیسز میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔
ماہرینِ نے شہریوں، بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو باہر نکلتے وقت ماسک کے استعمال اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی ہے تاکہ صحت کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔