بجلی سستی ہونے کا امکان، فی یونٹ کتنے کا ہو جائے گا؟
Electricity price reduction
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) مہنگائی کے ستائے صارفین کیلئے ملک بھر میں بجلی 65 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہِ اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی، جس پر 27 نومبر کو سماعت کی جائے گی۔

سی پی پی اے کے مطابق اکتوبر کے دوران بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوئی، جس کے باعث عوام کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف دیا جا سکتا ہے۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں اس کمی کا فائدہ کراچی کے صارفین سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو پہنچے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر کیلئے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ نافذ ہے، جس کے تحت بجلی 48 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی۔ اگر موجودہ درخواست بھی منظور ہو جاتی ہے، تو لگاتار دوسرے ماہ عوام کو بجلی کی قیمت میں کمی کا فائدہ ملے گا، جو حالیہ مہنگائی کے دوران کسی حد تک راحت فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بی آئی ایس پی کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ کا پہلا مرحلہ شروع

نیپرا حکام کے مطابق سماعت کے دوران تمام شواہد اور پیداوار کی لاگت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ہی بجلی سستی کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں فیول کی قیمتیں کم رہتی ہیں تو اس کا اثر مستقبل میں بھی بجلی کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب عوام اس فیصلے کے منتظر ہیں کہ آیا یہ کمی منظور ہوتی ہے یا نہیں، کیونکہ گھریلو اور تجارتی صارفین دونوں کیلئے بجلی کی لاگت میں کمی خوش آئند قدم ہوگا۔