اسلام آباد دھماکہ: پنجاب بار کونسل کا کل صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان
پنجاب بار کونسل نے اسلام آباد کچہری کے باہر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کل صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب بار کونسل نے اسلام آباد کچہری کے باہر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کل صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

پنجاب بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وکلاء برادری اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے باہر خودکش حملے کی پرزور مذمت کرتی ہے، صوبہ بھر کی عدالتوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے بھی ضلع کچہری اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا، سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار منظور ججہ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ضلع کچہری اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بار قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں خودکش دھماکا، 12 افراد شہید، 20 زخمی

بار اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار المناک واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے، ہائیکورٹ بار زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے، ہائی کورٹ بار اربابِ اختیار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ضلع کچہری، وکلاء و سائلین کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

ہائیکورٹ بار اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار افسوسناک واقعہ کے نتیجے میں شہادتوں پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے ، ہائیکورٹ بار معزز ججز سے گزارش کرتی ہے کہ وکلاء کے کیسز میں کوئی ایڈورس آرڈر جاری نہ کیا جائے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد دھماکے میں شہید ہونے والے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد زبیر گھمن کی نماز جنازہ کل صبح 11 بجے اسلام آباد کے ایچ 11 قبرستان میں ادا کی جائے گی۔