ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کا 20 لاکھ روپے سے زائد کا چالان
بھارتی میں ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کا 20 لاکھ بھارتی روپے کا چالان کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارتی میں ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کا 20 لاکھ بھارتی روپے کا چالان کر دیا گیا۔

 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں مقامی پولیس کی جانب سے ایک موٹرسائیکل سوار شہری کو 20 لاکھ 74 ہزار بھارتی روپے( 60 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی روپے) کا چالان بھجوا دیا گیا ۔

رپورٹس کے مطابق یہ انوکھا واقعہ 4 نومبر کو مظفر نگر کی نئی منڈی پولیس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا، شہری کو بھجوائے گئے چالان میں لکھا تھا کہ ہیلمٹ نہ پہننے ،ڈرائیونگ لائسنس کی عدم موجودگی پر جرمانہ کیا گیا جبکہ پولیس نے شہری کی موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی۔

اس بھاری بھرکم چالان کی تصویر شہری نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تو وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین نے سوالات اٹھائے کہ معمولی سے جرم پر اتنا بھاری بھرکم چالان آخر کیسے کیا جا سکتا ہے۔

چالان فوٹو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مظفر نگر پولیس کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ یہ رقم دراصل ای چلان میں ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے درج ہوگئی۔

وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ سب انسپکٹر نے چالان میں موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 207 کے تحت کارروائی کرنا تھی، مذکورہ قانون کے مطابق گاڑی ضبط کرنے اور زیادہ سے زیادہ 4 ہزار بھارتی روپے جرمانے کی اجازت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی دہلی میں سلنڈر دھماکہ، 9 افراد ہلاک

پولیس کے مطابق سب انسپکٹر نے غلطی سے چالان "207" نمبر جرمانے کی رقم والے خانے میں درج کر دیا جس کی وجہ سے کمپیوٹر سسٹم نے اسے بڑی رقم 20لاکھ 74 ہزار بھارتی روپے میں تبدیل کردیا۔

ایس پی ٹریفک پولیس نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نئی منڈی تھانہ کے علاقے میں سب انسپکٹر گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے اس دوران ایک اسکوٹر کو روکا گیا اور ہیلمٹ نہ پہننے و کاغذات نہ رکھنے پر دفعہ 207 ایم وی کے تحت کارروائی ہونا تھی لیکن پولیس افسر نے غلطی سے 'MV' نہیں لکھا، جس سے 207 جرمانے کی رقم میں شامل ہوگیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب غلطی کو درست کر دیا گیا ہے، گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے اور اصل جرمانہ صرف 4 ہزار بھارتی روپے ہے۔