شیخ وقاص کے وارنٹ گرفتاری، زرتاج گل و عمر ایوب کے پاسپورٹ بلاک کرنیکا حکم
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف 26 نومبر احتجاج کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف 26 نومبر احتجاج کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

دوران سماعت عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے پاسپورٹ بلاک کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

بعدازاں عدالت نے تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 26 نومبر احتجاج کیس میں ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بینک اکاؤنٹس اور پاسپورٹ کو بھی بلاک کیا جا چکا ہے جبکہ اسی مقدمہ میں علیمہ خان کے متعدد بار وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو چکے ہیں۔