اسلام آباد: علی امین گنڈا پور کیخلاف وارنٹ گرفتاری جاری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ کیس اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں زیر سماعت تھا، جس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔ سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ان کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور پولیس کو حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی رہنما پر فائرنگ، 3 بھائی زخمی

عدالتی ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے، جس میں ان پر شراب اور اسلحہ برآمدگی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ متعدد بار سمن جاری کیے گئے مگر علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ اس پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزم کو لازمی طور پر پیش کیا جائے۔

عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 17 نومبر مقرر کر دی ہے۔ عدالت کے حکم کے مطابق متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وارنٹ پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں نامزد رہ چکے ہیں، تاہم زیادہ تر کیسز میں وہ ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ تازہ کیس میں ان کی مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔