میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کے لیے نئے کرایوں کی تجویز
Punjab Masstransit Authority
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین، لاہور میٹرو بس اور تمام فیڈر بس روٹس کے کرایوں میں اضافے کی تجویز کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کرایوں میں اضافے سے متعلق ورکنگ پیپر اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اور مینٹیننس اخراجات کے باعث کیا جا رہا ہے جنہوں نے صوبائی ٹرانسپورٹ بجٹ پر بھاری دباؤ ڈال دیا ہے۔

تجویز کردہ منصوبے کے مطابق میٹرو بس کا کرایہ30 روپے سے بڑھا کر40 روپے کرنے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ45 روپے سے بڑھا کر 50 روپے کرنے کی جبکہ فیڈر اور سپیڈو بس روٹس کے کرایوں میں 5 روپے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
اتھارٹی کی بورڈ سے منظوری کے بعد سمری کو ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے وزیر اعلیٰ کو حتمی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی اہم شاہراہ بند کرنے کا اعلان، وجہ کیا بنی؟

حکام کے مطابق پنجاب حکومت اس وقت لاہور، راولپنڈی-اسلام آباد اور ملتان میں ماس ٹرانزٹ نظام کو برقرار رکھنے کے لیے سالانہ21 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

کرایوں سے حاصل ہونے والی آمدن صرف24 فیصد آپریشنل اور مینٹیننس اخراجات کو پورا کرتی ہے جبکہ حکومت 75 فیصد سے زائد اخراجات برداشت کرتی ہے۔ گزشتہ برسوں میں کرایہ سے حاصل ہونے والی آمدن کل اخراجات کا تقریباً 32 فیصد ہوا کرتی تھی مگر توانائی اور دیکھ بھال کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے یہ شرح کم ہو گئی ہے۔