سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کا بانی کی رہائی کیلئے حکومتی شخصیات سے ملاقات کا فیصلہ
سیاسی درجہ حرارت میں کمی لانے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی تحریک چلانے کا معاملہ، تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چودھری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی سیاسی محاذ پر متحرک ہو گئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) سیاسی درجہ حرارت میں کمی لانے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی تحریک چلانے کا معاملہ، تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چودھری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی سیاسی محاذ پر متحرک ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں کا سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق فواد چودھری ،عمران اسماعیل اور محمود مولوی کل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں سیاسی تناؤ میں کمی لانے کے لیے مذاکرات کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک انصاف کے سابق رہنما سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات کریں گے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کا وقت طے کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سابق رہنما رابطوں کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل بھی جائیں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں فواد چودھری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی نے سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔

سیاسی رہنماؤں نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی ، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی، ملاقات کے دوران پاکستان کی تعمیر وترقی اور ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ مفاہمت اور رواداری کی سیاست کی ہے، چودھری شجاعت حسین نے لوگوں کو آپس میں جوڑا ہے، سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین سے ہمیشہ راہنمائی حاصل کی اور آئندہ بھی راہنمائی لیتے رہیں گے۔

سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا ، سیاسی جماعتوں میں قریبی روابط وقت کی ضرورت ہے، پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہیں ، پاکستان کی بہادر افواج نے مئی کی جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہادر افواج دہشت گردوں سے بھی برسر پیکار ہیں، ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے سیاسی رہنماؤں کو آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ، وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔