پنجاب حکومت کی آئمہ کرام کی رجسٹریشن بارے زیر گردش افواہوں کی تردید
پنجاب حکومت نے آئمہ کرام کی رجسٹریشن سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر جاری پروپیگنڈا کی واضح تردید کردی۔
پنجاب حکومت کا لوگو فلیگ
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے آئمہ کرام کی رجسٹریشن سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر جاری پروپیگنڈا کی واضح تردید کردی۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے آئمہ کرام کی رجسٹریشن کیلئے کوئی قواعد و ضوابط جاری نہیں کیے، آئمہ مساجد و علماء کرام کی رجسٹریشن اور خطبہ جمعہ کیلئے اجازت نامہ بارے جھوٹی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپوں میں چلنے والی خبر حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے، عوام الناس اور علمائے کرام ایسے جھوٹے پروپیگنڈا پر توجہ نہ دیں۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سوائے فتنہ پرستوں اور انتہا پسند سوچ والے عناصر کے پنجاب میں کسی مذہبی جماعت پر کوئی پابندی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا صوبہ بھر کی مساجد کی تزین و آرائش و بحالی کا فیصلہ

صوبائی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ پنجاب میں مذہبی جماعتیں ضابطہ اخلاق کے مطابق اپنی سرگرمیاں بلا روک ٹوک جاری رکھ سکتی ہیں، مذہبی ہم آہنگی میں معاون جماعتوں کی پنجاب حکومت مکمل سرپرستی کرے گی۔

پنجاب حکومت نے پھر سے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں جمعہ کے خطبے اور پانچ وقت کی اذان کے لئے لاؤڈ اسپیکر پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبہ بھر کے 65 ہزار سے زائد آئمہ کرام کے وظائف کے لئے جلد اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔