کراچی میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوف میں مبتلا
کراچی اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہری خوف میں مبتلا ہو گئے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کراچی اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہری خوف میں مبتلا ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 2.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز ڈی ایچ اے کے شمال میں 24 کلومیٹر پر تھا، زلزلہ دوپہر 3 بج کر 39 منٹ پر محسوس کیا گیا۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری اس دوران کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے تاہم خوش قسمتی سے زلزلے کے باعث کسی قسم جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات اور ریسکیو حکام کے مطابق تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ ادارے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس جون میں بھی شہر قائد متعدد بار زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شہر قائد ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا

رواں برس یکم جون کو کراچی کے مختلف علاقوں میں شام کے وقت اچانک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 3.6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز قائد آباد کے قریب تھا جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر 10 کلومیٹر بتائی گئی ،جھٹکے ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی اور ملحقہ علاقوں میں واضح طور پر محسوس کیے گئے۔

اس کے بعد 5 جون کو بھی شہر قائد ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 2.0 اور گہرائی 40 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ملیر سے 11 کلو میٹر دور شمال مشرق میں تھا۔

مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم سے 5 جون تک شہر قائد میں 29 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

بعدازاں 8 جون کو روشنیوں کے شہر میں زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کردیا، 8 جون کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز شہر کے مشرقی علاقے ملیر کے شمال مغرب میں واقع تھا، زلزلے کی گہرائی 5.6 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔