شہر قائد ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا
کراچی کے مختلف علاقے ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے مختلف علاقے ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے جھٹکے سہ پہر 3 بج کر 54 منٹ پر محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، زلزلے کے اثرات قائدآباد، گڈاپ، ملیر، ڈی ایچ اے اور کورنگی کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز شہر کے مشرقی علاقے ملیر کے شمال مغرب میں واقع تھا، زلزلے کی گہرائی 5.6 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ۔

رپورٹس کے مطابق مطابق چند دن کے وقفے کے بعد کراچی ایک بار پھر زلزلے کی لپیٹ میں آیا جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات کی جانب دوڑ پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اگرچہ زلزلے کے جھٹکے وقتی اور مختصر دورانیے کے تھے تاہم خوش قسمتی سے فوری طور پر کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا تھا کہ زلزلے کے دوران زمین میں لرزش محسوس ہوئی جس کے بعد وہ گھبرا کر گھروں سے باہر نکلے اور خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے، شہریوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورت حال پر سنجیدگی سے نظر رکھیں اور عوام کو بروقت معلومات فراہم کریں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے اب تک کراچی میں 30 سے زائد مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں جو کہ ماہرین ارضیات کے لیے بھی تشویش کا باعث بن چکے ہیں۔