ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ آج بھی بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں دوپہر کے بعد گرم ہواؤں کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جو عوام خصوصاً بزرگوں، بچوں اور دمے کے مریضوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعض بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان اضلاع میں دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام شامل ہیں، جہاں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں کم آمدنی والے افراد کیلئے سستے گھروں کا نیا پیکیج زیر غور

ادھر سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ خاص طور پر دادو، لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد اور تربت جیسے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

کشمیر میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہاں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند ایک علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، مناسب لباس پہنیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی یا مشروبات کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ کسانوں، مسافروں اور موسمیاتی حالات سے متاثر ہونے والے دیگر افراد کو بھی محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اپڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ اپنی سرگرمیاں موسم کے مطابق ترتیب دے سکیں۔