پی ٹی آئی کی پرانی قیادت ریلیز عمران خان تحریک چلانے کیلئے تیار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پرانی قیادت نے عمران خان کی رہائی کی تحریک چلانے کی تیاری کرلی۔
عمران خان پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ موجود ہیں (فائل فوٹو)
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پرانی قیادت نے عمران خان کی رہائی کی تحریک چلانے کی تیاری کرلی۔

ذرائع کے مطابق وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی سے تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں فواد چودھری ، عمران اسماعیل اور محمود مولوی نے ملاقات کی، سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات پی کےایل آئی میں ہوئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہ محمود قریشی 28 اکتوبر سے پی کے ایل آئی میں زیر علاج ہیں، شاہ محمود قریشی کو چیک اپ کیلئےپی کےایل آئی لایا گیا تھا، شاہ محمود قریشی کے پتے میں پتھری بتائی جارہی ہے،وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے گال بلیڈر کی سرجری ہونی ہیں۔

ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا سےمتعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے نئے کابینہ ارکان نے حلف اٹھا لیا

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی پرانی قیادت ریلیز بانی پی ٹی آئی تحریک چلانے کیلئے تیاری کررہی ہے، تحریک میں فواد چودھری،اسد عمر،عمران اسماعیل ،علی زیدی،محمود مولوی، سبطین خان اور دیگر رہنما شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پرانی قیادت سابق وزیراعظم عمران خان سے بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرے گی،پی ٹی آئی کی پرانی قیادت بانی سے تحریک کی اجازت لے گی، پرانی قیادت سندھ اور کے پی کے سے بھی پی ٹی آئی کے پرانے سیاسی لوگوں کو ساتھ ملائے گی۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی پرانی قیادت وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی رہائی کے بعد عملی طور پر کام کرتی دکھائی دے گی۔