لاہور: کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام چلانے کا منصوبہ سیلاب کی نذر
کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام چلانے کا منصوبہ عارضی طور پر سیلاب کی نذر ہو گیا،لاہور کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام آئندہ سال فروری میں نہیں چل سکے گی۔
لاہور کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام تجرباتی ٹرائل کے دوران رواں دواں ہے
لاہور: (سنو نیوز) کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام چلانے کا منصوبہ عارضی طور پر سیلاب کی نذر ہو گیا،لاہور کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام آئندہ سال فروری میں نہیں چل سکے گی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 130 ارب روپے کا فنڈ سیلاب متاثرین کو دیا جا رہا ہے، لاہور میں کینال روڈ پر الیکٹرک ٹرام منصوبے کو فی الحال شروع نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں مزید تین نئی تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے جو دسمبر میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کو پیش کی جائیں گی، کوشش ہوگی منصوبہ اس سال شروع کر سکیں ،مگر تکمیل میں ایک سے سوا سال لگ جائے گا۔

بلال اکبر خان نے کہا کہ 2009 میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں چار میٹرو لائنز کی ضرورت تھی، حالیہ ٹرانسپورٹ سٹڈی کے مطابق لاہور میں چھ میٹرو لائنز کی ضرورت ہے، چند روز میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میٹرو کی گراؤنڈ بریکنگ کرنے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک ٹرام منصوبے پر اہم پیش رفت، نیا روٹ فائنل

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ چند ماہ بعد کینال روڈ ٹرام منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کریں گے، ورلڈ بینک کے تعاون سے 25 کروڑ ڈالرز کی لاگت سے لاہور میں مزید 400 بسیں چلائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے اپنے دور حکومت میں لاہور میں ایک سے دو میٹرو لائنز کا اضافہ کریں، لاہور میں جلد 800 الیکٹرک بسوں کا فلیٹ شامل کریں گے۔