لاہور میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر اہم پیش رفت، نیا روٹ فائنل
Lahore tram project
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی، شہر میں الیکٹرک ٹرام کے روٹ کا اعلان کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہربنس پورہ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک الیکٹرک ٹرام چلانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ٹرام کو کینال روڈ کے انتہائی بائیں جانب مخصوص ٹریک پر چلایا جائے گا تاکہ ٹریفک کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔

اس منصوبے کے تحت کینال روڈ پر موجود انڈر پاسز کو ایک ہی لین میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ جیل روڈ انڈر پاس کو بائیں سے دائیں جانب منتقل کرنے کی پلاننگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

بس اسٹاپس کے قریب سڑک کی چوڑائی بڑھانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے تاکہ عوام کو آمدورفت میں آسانی ہو۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ٹرام روٹ کے مختلف پہلوؤں پر غور جاری ہے، جن میں جلو سے ہربنس پورہ تک انڈر گراؤنڈ سڑک نکالنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: باجا کے استعمال اور فروخت پر قانونی کارروائی کا اعلان

الیکٹرک ٹرام کے لیے ڈیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب تعمیر کیا جائے گا جو سروس کی بحالی اور دیکھ بھال کے لیے مرکزی مرکز کا کردار ادا کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ منصوبہ لاہور میں ماحول دوست، جدید اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔