کراچی میں دستی چالانوں کا خاتمہ، فیس لیس ای ٹکٹنگ کا آغاز
شہر قائد میں دستی چالانوں کا دور ختم اب سب کچھ فیس لیس ای ٹکٹنگ کے ذریعے ہوگا
شہر قائد میں دستی چالانوں کا دور ختم اب سب کچھ فیس لیس ای ٹکٹنگ کے ذریعے ہوگا/ فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) ٹریفک پولیس نے جدید دور میں قدم رکھتے ہوئے ایک بڑی تبدیلی کر دی۔ شہر قائد میں دستی چالانوں کا دور ختم اب سب کچھ فیس لیس ای ٹکٹنگ کے ذریعے ہوگا۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے زیر صدارت اہم اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں اب کوئی پولیس اہلکار کاغذی چالان نہیں کاٹے گا۔ تمام ٹریفک جرمانے جدید جدید ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت خودکار طریقے سے جاری ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹ میٹرنگ کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

اجلاس میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک نظم و ضبط کیلیے کراچی ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کے قیام کی تجویز سامنے آئی جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں فیس لیس ای چالان کے نفاذ کیلیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ سیف سٹی منصوبے تک مصروف شاہراہوں پر نصب سرکاری کیمروں کے ذریعے فیس لیس ای ٹکٹنگ متعارف کروانے کی تجویز بھی دی گئی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کو فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم میں محنت اور کارکردگی پر شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف چالان نہیں بلکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ ہے،ٹریفک نظم و ضبط ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے، فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم نے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کے نظام کو نئی شکل دے دی ہے اب چالان نہیں، ٹیکنالوجی بولے گی۔