نیٹ میٹرنگ کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان
net metering price cut
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے سردیوں میں بجلی کی طلب میں کمی اور دن کے وقت اضافی بجلی پیدا ہونے کے خطرے کے پیش نظر نیٹ میٹرنگ کی قیمت میں بڑی کمی پر غور شروع کردیا۔

واضح رہے کہ نیٹ میٹرنگ کی موجودہ قیمت 22 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 11.30 روپے کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو نیٹ میٹرنگ کے نرخوں پر فوری نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق نیٹ میٹرنگ اسکیم کے باعث حکومت پر مالی دباؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کیونکہ سولر صارفین سے خریدی جانے والی بجلی کے بدلے گرڈ صارفین سے فی یونٹ دو روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کے لیے بغیر سود قرضوں کا اعلان

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سولر سسٹمز کے تیزی سے پھیلاؤ کے نتیجے میں گرڈ کے ذریعے بیچی جانے والی بجلی میں 3.2 ارب یونٹس کی کمی واقع ہوئی، جس سے تقسیم کار کمپنیوں کے منافع میں 101 ارب روپے تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس صورتحال کے باعث ٹیرف کو 0.9 کلو واٹ آور تک بڑھانا پڑا۔

پاور ڈویژن کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مالی سال 2034 تک یہ کمی 18.8 ارب یونٹس تک جا سکتی ہے، جس کا اثر صارفین پر فی یونٹ 5 سے 6 روپے اضافی بوجھ کی صورت میں پڑے گا۔