فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کے لیے بغیر سود قرضوں کا اعلان
interest-free loans
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے نیشنل کوورکنگ اسپیس پروگرام کے تحت 250 ورکنگ اسپیسز کے قیام کے لیے 10 ملین روپے تک کی بغیر سود فنانسنگ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ پروگرام پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت عمل میں لایا جائے گا جس کا مقصد فری لانسرز کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا اور پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مضبوط بنانا ہے۔ اس اقدام کا ہدف ڈیجیٹل، مالیاتی اور اقتصادی شعبوں میں شمولیت کو فروغ دینا اور ملک میں فری لانسنگ و کاروبار کے کلچر کو آگے بڑھانا ہے۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے جاری کردہ ایکسپریشن آف انٹرسٹ کے مطابق یہ فنانسنگ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت کم از کم 100 نشستوں کی گنجائش والے کوورکنگ اسپیسز کے قیام کے لیے فراہم کی جائے گی۔ حکومت نے NCSP منصوبہ پاکستان کو عالمی فری لانسنگ مرکز کے طور پر اُجاگر کرنے کے لیے شروع کیا ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ گیلپ پاکستان کے مطابق ملک میں 89 لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ2 کروڑ 18 لاکھ تعلیم، روزگار یا تربیت سے محروم ہیں۔ اس کے باوجود پاکستان کی فری لانسنگ کی صلاحیت عالمی مارکیٹ میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

فری لانسرز اور ہنر مند نوجوانوں کی مزید مدد کے لیے حکومت نے 250 سے زائد کوورکنگ اسپیسز ملک بھر میں قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ مراکز ورچوئل ٹیکنالوجی ہبز کا نیٹ ورک بنائیں گے جو ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بااختیار بنائیں گے اور ڈیجیٹل شرکت میں اضافہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سموگ کی صورتحال تشویشناک، لاہور آلودہ ترین شہر

یہ کوورکنگ اسپیسز پاکستان کے مختلف شہروں میں حکمتِ عملی کے تحت قائم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کے لیے اختراع اور تعاون کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا مقصد ایک ایسا ماحول بنانا ہے جہاں ملک کا باصلاحیت نوجوان طبقہ اپنی مہارتوں کو بھرپور انداز میں استعمال کرے اور پاکستان کو ڈیجیٹل دور کی جانب لے جائے۔

یہ منصوبہ فری لانسرز اور پروفیشنلز کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جس میں جدید سہولیات سے آراستہ ورک اسپیسز اور جدت و تعاون کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ مراکز صرف کام کرنے کی جگہ نہیں ہوں گے بلکہ علم کے تبادلے، مہارت کی ترقی اور نیٹ ورکنگ کے پلیٹ فارمز کے طور پر بھی کام کریں گے۔

عمارتوں کی تبدیلی کے لیے شرائط:

  • کوئی بھی موجودہ کوورکنگ اسپیس یا خالی، کم استعمال شدہ سرکاری یا نجی ملکیت والی عمارت اگر استعمال کا حق حاصل ہے تو اہل ہے۔
  • قرض کی سہولت نئے NCSP سینٹر کے قیام کے لیے دستیاب ہوگی جو وزیراعظم یوتھ لون اسکیم یا تجارتی بینکوں کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے۔
  • سینٹر کا قیام، انتظام اور دیکھ بھال درخواست دہندگان کی ذمہ داری ہوگی۔