پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہونہار طلبہ اب امریکا کی "ییل یونیورسٹی" کے عالمی معیار کے تعلیمی اور تحقیقی مواقع تک بغیر مالی دباؤ کے استفادہ کر سکتے ہیں، ہونہار طلبہ کو انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے سکالر شپس ملیں گی۔
پروگرام کیلئے کوالیفائی کرنے والے طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس، رہائش، کھانے کے انتظامات اور صحت کی مکمل سہولیات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ سکالر شپس کے حامل طلبہ کو جامع ہیلتھ انشورنس ، ییل کی لائبریریوں، لیبارٹریز اور تحقیقی مراکز تک مکمل رسائی بھی میسر ہو گی۔
اہلیت کا معیار
ییل یونیورسٹی اسکالرشپ کے خواہشمند طلبہ کے لیے چند شرائط پوری کرنا ضروری ہیں، درخواست دہندگان کا تعلیمی ریکارڈ شاندار ہونا چاہیے اور وہ کسی تسلیم شدہ ادارے سے تعلیم یافتہ ہوں۔
سکالر شپ کے خواہشمند طلبہ انگریزی زبان پر مہارت رکھتے ہوں، جس کے لیے ٹوفل میں کم از کم 100 نمبر یا آئیلٹس میں کم از کم 7.0 بینڈ درکار ہیں۔
اسی طرح انڈرگریجوایٹ طلبہ کے لیے SAT یا ACT کے نمبرز، اور گریجوایٹ طلبہ کے لیے GRE یا GMAT کے نمبرز لازمی ہیں،اس کے علاوہ، درخواست دہندگان کو اپنی مالی حالت ثابت کرنے کے لیے آمدنی کے مستند دستاویزات اور اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
درخواست دینے کا طریقہ
انڈرگریجوایٹ پروگرامز کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کو ییل یونیورسٹی کے آفیشل پورٹل کے ذریعے عام درخواست یا مشترکہ درخواست فارم میں سے کوئی ایک فارم جمع کروانا ہو گا ۔
سکالر شپ کے لیے اپلائی کرتے وقت یہ نشاندہی ضرور کریں کہ آپ فنانشل ایڈ کے لیے بھی درخواست دینے کے خواہاں ہیں، مالی ضرورت کا جائزہ لینے کے لیے ’سی ایس ایس پروفائل‘ فارم مکمل کر کے جمع کروانا لازمی شرائط میں شامل ہے۔
درخواست دہندہ کو تمام ضروری دستاویزات بھی ساتھ اپ لوڈ کرنا ہوں گی، جن میں تعلیمی اسناد، ذاتی مضمون یا مقصد بیان کرنا، معیاری امتحانات کے نمبرز انگریزی زبان کی مہارت کے نتائج (آئیلٹس یا ٹوفل) اور آمدنی اور خاندانی اثاثوں کا ثبوت دینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات کے اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان
درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ عموماً دسمبر کے وسط تک ہوتی ہے جبکہ داخلے کے فیصلے مارچ یا اپریل میں اعلان کیے جاتے ہیں۔
گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کو اپنے متعلقہ مضمون کے لیے ’ییل گریجویٹ ایپلیکیشن‘ فارم مکمل کرنا ہوتا ہے، درخواست کے ساتھ تمام ضروری تعلیمی اور مالی دستاویزات اپ لوڈ کرنا لازمی ہے، جن میں تمام تعلیمی اسناد، جی آر ای یا غی ایم اے ٹی کے نمبرز (اگر ضروری ہوں) اسکے علاوہ ریکمنڈیشن لیٹرز، اسٹیٹمنٹ آف پرپز اور مالی ضروریات کے ثبوت شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ییل یونیورسٹی کے گریجوایٹ پروگرامز کی آخری تاریخ ہر شعبے کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے، جو عموماً دسمبر سے فروری کے درمیان ہوتی ہے تاہم مزید معلومات کے لیے ییل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں۔