پنجاب: اسموگ کے باعث اسکول بند ہونے کا امکان
school closures
فائل فوٹو
لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث اسکولوں کی بندش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ صوبے کے کئی شہروں، خاص طور پر لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس  485 تک جا پہنچا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خشک موسم اور درجہ حرارت میں کمی آئندہ دنوں میں اسموگ کی شدت کو مزید بڑھا سکتی ہے جس سے تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

گزشتہ سال صوبائی حکومت نے3 نومبر سے ایک ہفتے کے لیے اسکول بند کیے تھے تاہم اسموگ برقرار رہنے پر تعطیلات میں توسیع کر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سموگ کا خاتمہ: لاہور میں 48 لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ

اس وقت پنجاب کا محکمہ تعلیم صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر صورتِ حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اسکول بند کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اگر آلودگی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا تو ابتدائی درجے (پرائمری) کے اسکول عارضی طور پر بند کیے جا سکتے ہیں تاکہ بچوں کی صحت کو محفوظ رکھا جا سکے۔

ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی آلودگی سے سانس کی بیماریوں، کھانسی، نزلہ، گلے کی خراش اور آنکھوں میں جلن کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

حکام نے شہریوں خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی ہے۔