سموگ کا خاتمہ: لاہور میں 48 لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ماحول دوست منصوبہ لنگز آف لاہورماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دنیا بھر میں اپنی مثال قائم کرنے کو تیار ہے
مریم نواز کا ماحول دوست منصوبہ لنگز آف لاہورماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دنیا بھر میں اپنی مثال قائم کرنے کو تیار ہے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ماحول دوست منصوبہ لنگز آف لاہورماحولیاتی آلودگی کے تدارک اور سموگ کے خاتمے کے لیے دنیا بھر میں اپنی مثال قائم کرنے کو تیار ہے۔

پنجاب حکومت کے مطابق اس منصوبے کے تحت تقریباً 48 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ یہ منصوبہ پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور مکمل کرے گی۔ لنگز آف لاہور منصوبے کے تحت لاہور کی جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر اور رقبہ 1711 ایکڑ پر محیط ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سموگ کی صورتحال تشویشناک، لاہور آلودہ ترین شہر

حکام کے مطابق رِنگ فاریسٹیشن منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 1210 ایکڑ اراضی پر 59 کلومیٹر لمبا رنگ فاریسٹ بنایا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 31 کلومیٹر اور تیسرے مرحلے میں 22 کلومیٹر کا فاریسٹ ایریا تیار کیا جائے گا۔

پہلا مرحلہ ایک سال کے عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اس منصوبے سے تقریباً 2 کروڑ سے زائد افراد براہِ راست مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے تحت مقامی اور پھل دار درختوں کی اقسام لگائی جائیں گی، جن میں جامن، کچنار، امرود سمیت مختلف پھلوں والے درخت شامل ہوں گے جبکہ نمائشی درختوں میں پلکن، ارجن، گلِ نشتر، سکھ چین، جیٹروفہ اور دیگر اقسام لگائی جائیں گی۔