علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک
Aleema Khan passport blocked
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وارنٹ گرفتاری کے باوجود عدم پیشی پر علیمہ خان کے خلاف بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔

عدالت نے عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ علیمہ خان کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے، ساتھ ہی جج نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایس پی عدیل اکبر کی پراسرار موت خودکشی یا کچھ اور؟

عدالت نے نادرا حکام کو علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کی ہدایت کی، جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک کو حکم دیا کہ ان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں۔ اس کے علاوہ عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد بحقِ سرکار ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔