امپیریل کالج لندن کی لاہور میں کیمپس قائم کرنے کے حکومتی دعوے کی تردید
برطانیہ کی معروف یونیورسٹی امپیریل کالج لندن نے پنجاب حکومت کے لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں اپنے کیمپس کے قائم کرنے کے دعوے کی تردید کر دی
امپیریل کالج لندن نے لاہور میں کیمپس قائم کرنے کے حکومتی دعوے کی تردید کی/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی معروف یونیورسٹی امپیریل کالج لندن نے پنجاب حکومت کے لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں اپنے کیمپس کے قائم کرنے کے دعوے کی تردید کر دی۔

یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق، حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا پر اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں سراسر غلط اور گمراہ کن ہیں، امپیریل کالج لندن کے نام سے کسی دوسرے ملک میں کسی بھی منصوبے کا اعلان نہیں کیا گیا، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یونیورسٹی کی سرگرمیوں سے متعلق درست معلومات کے لیے انٹرنیشنل ریلیشنز آفس کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی ہدایت

دوسری جانب، پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں تعمیر ہونے والی جس ہیلتھ کیئر یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کا ذکر کیا جا رہا ہے، وہ دراصل نووا کئیر اور امپیریل کالج ہیلتھ کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ (برطانیہ) کے اشتراک سے بننے والا منصوبہ ہے، جس کا امپیریل کالج لندن سے کوئی تعلق نہیں۔
اتھارٹی کے مطابق، یہ منصوبہ اپنے مقررہ وقت کے مطابق جاری ہے اور اس کا مقصد لاہور میں عالمی معیار کی طبی تعلیم، تحقیق اور اختراعی سہولیات کو فروغ دینا ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت جدید تدریسی ہسپتال اور میڈیکل ریسرچ سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ صحت کے شعبے میں بین الاقوامی معیار حاصل کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امپیریل کالج لندن جلد لاہور میں اپنا کیمپس قائم کرے گا۔ ان کے اس اعلان کے بعد نہ صرف پاکستانی میڈیا بلکہ بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے بھی اس خبر کو نمایاں طور پر شائع کیا۔ تاہم اب امپیریل کالج لندن کی جانب سے جاری باضابطہ تردید کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ایسا کوئی منصوبہ موجود نہیں۔