ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کو خط لکھا گیا جس میں ایشیا کپ ٹرافی دینے کا مطالبہ کیا گیا، ایشین کرکٹ کونسل نے بی سی سی آئی کے خط کا جواب دے دیا۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو جوابی خط میں کہا ہے کہ اگر ٹرافی چاہیے تو اس کیلئے تقریب کا انعقاد کرتے ہیں، اس میں آکر وصول کر لیں۔
اے سی سی کی جانب سے ٹرافی کی تقریب آئندہ ماہ نومبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیائے کرکٹ میں انقلاب، نیا فارمیٹ ٹیسٹ ٹونٹی متعارف
ذرائع کا بتانا ہے کہ اے سی سی نے جوابی خط کے ذریعے بی سی سی آئی کو اپنے مؤقف سے آگاہ کر دیا، ایشین کرکٹ کونسل نے نومبر کے پہلے ہفتے کا وقت دیا ہے، ایشیا کپ کی ٹرافی دینے کی تقریب کا انعقاد دبئی میں ہو گا۔
یاد رہے کہ بھارتی بورڈ پہلے بھی صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی کو ٹرافی کیلئے خط لکھا تھا جس کے جواب میں اے سی سی نے جواب دیا تھا کہ آفیشلز اور کسی کھلاڑی کو ساتھ لائیں اور ٹرافی لے جائیں۔
ذہن نشین رہے کہ ایشیا کپ کے اختتام کے بعد اے سی سی اجلاس میں بھی بھارت کی جانب سے ٹرافی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس میں اے سی سی کی جانب سے بھارت کو واضح طور پر کہا گیا تھا کہ ایشیا کپ کی اختتامی تقریب کے دوران ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کیلئے سٹیج پر موجود تھے لیکن بھارتی ٹیم نے ٹرافی لینے سے خود انکار کیا۔