وزیراعظم کی سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی ہدایت: حذیفہ رحمٰن
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور عمران خان کے درمیان ملاقات کے لیے پنجاب حکومت کو باضابطہ ہدایت جاری کر دی
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور عمران خان کے درمیان ملاقات کے لیے پنجاب حکومت کو باضابطہ ہدایت جاری کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے درمیان ملاقات کے انتظامات کے لیے پنجاب حکومت کو باضابطہ ہدایت جاری کر دی۔

وزیر مملکت برائے ثقافت، سیاحت و ورثہ حذیفہ رحمٰن نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ سہیل آفریدی اور عمران خان کی ملاقات کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں تاکہ خیبرپختونخوا میں جلد از جلد کابینہ کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے امید ہے کہ آنے والے چند دنوں میں یہ ملاقات ہو جائے گی"۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کا اعلان

حذیفہ رحمٰن کے مطابق، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ صوبے میں سیاسی استحکام لانے کے لیے رابطے بحال کیے جائیں اور کابینہ کی تشکیل کا عمل مزید تاخیر کا شکار نہ ہو۔
ذرائع کے مطابق، سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کو نہ صرف خیبرپختونخوا میں نئی حکومت کے قیام کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے بلکہ اسے مرکز اور صوبے کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی ایک بڑی کوشش بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، اگر یہ ملاقات طے پا جاتی ہے تو اس سے سیاسی درجہ حرارت میں نمایاں کمی آسکتی ہے اور آئندہ حکومتی فیصلوں میں مفاہمت کا دروازہ کھل سکتا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے نزدیک، اگر وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یہ ملاقات مکمل ہو جاتی ہے، تو یہ عمران خان کے ساتھ حکومت کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔ اس اقدام کو پاکستان کی سیاسی فضا میں کشیدگی کم کرنے اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ممکنہ مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔