اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بھی زلزلے سے لرز اٹھے، پشاور ، بونیر، بٹگرام، سوات، چترال اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5اعشاریہ 6 ریکارڈ کہ گئی، زلزلے کی گہرائی 120 کلومیٹر جبکہ مرکزہندوکش ریجن افغانستان تھا ۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں دفاتر اور دکانوں سے کھلے مقامات پر نکل آئے، اس دوران شہری مسلسل کلمہ طیبہ کا ورد بھی کرتے رہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے مطابق زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ ممکنہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زلزلے کے وقت پرسکون رہیں، عمارت سے باہر کھلی جگہ کا رخ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوات و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف وہراس

یاد رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 14 اکتوبر کو بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 47 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز مینگورہ شہر کا پہاڑی علاقہ تھا۔

قبل ازیں 12 اکتوبر کو بھی سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقے زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 218 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن تھا۔

اس سے قبل 6 اکتوبر کو بھی پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت شانگلہ، بٹگرام و دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

ماہرین ارضیات کے مطابق اس خطے میں زلزلوں کی بڑی وجہ زمین کی پلیٹوں کی حرکت ہے کیونکہ یہاں ہمالیائی اور یوریشین پلیٹس آپس میں ٹکرا رہی ہیں، ان ٹکراؤ کے باعث زمین کے اندر دباؤ بڑھتا ہے اور اچانک انرجی خارج ہونے سے زلزلے آتے ہیں۔