
پنجاب راشن کارڈ اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو ہر ماہ 3 ہزار روپے مالیت کی مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بنیادی اشیائے خورونوش آسانی سے خرید سکیں۔
اس اسکیم کے تحت مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل سمارٹ راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے، جو مخصوص اور مجاز گروسری اسٹورز پر استعمال ہوسکیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ڈیڑھ لاکھ راشن کارڈز تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ مرحلوں میں اس دائرے کو مزید وسیع کیا جائے گا۔
درخواست کیلئے اہلیت:
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق یہ اسکیم صرف پنجاب کے مستقل رہائشیوں کیلئے ہے۔ درخواست گزار کا پی ایس ای آر (PSES) سروے میں رجسٹر ہونا لازمی ہے اور اس کے پاس درست شناختی کارڈ اور فعال موبائل نمبر موجود ہونا چاہیے۔
علاوہ ازیں امیدوار کی ماہانہ گھریلو آمدنی 50 ہزار روپے سے کم ہونی چاہیے، جبکہ پی ایم ٹی (PMT) سکور 35 سے نیچے ہونا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی بورڈز کا ای مارکنگ سسٹم اپنانے کا فیصلہ
واضح رہے کہ سرکاری ملازمین اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سے فائدہ اٹھانے والے افراد اس اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔ فی خاندان صرف ایک فرد درخواست جمع کروا سکتا ہے، تاہم اہل خاندان کے مرد اور عورت دونوں درخواست دہی کے مجاز ہیں۔
نان ٹیکس فائلرز، کرایہ دار، اور جن کے نام پر کوئی جائیداد رجسٹر نہیں، وہ بھی اس اسکیم سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
رجسٹریشن کا طریقہ:
شہری پنجاب راشن کارڈ کیلئے پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری (PSER) پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ وہ اپنی یونین کونسل آفس یا قریبی ای خدمت مرکز جا کر بھی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ اسکیم صوبے میں معاشی دباؤ کم کرنے اور مستحق گھرانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔