تعلیمی بورڈز کا ای مارکنگ سسٹم اپنانے کا فیصلہ
e-marking system
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی امتحانی نظام کو جدید بنانےکے لیے آٹومیشن، آپٹیکل مارک ریکگنیشن (OMR) اور ای مارکنگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز کو امتحانی نظام میں شامل کرنے پرغور۔

پاکستان کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی فقیر محمد لاکھو، چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن مشرف علی راجپوت اور چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے شرکت کی۔

یہ اجلاس فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تینوں بورڈز کے درمیان جلد ہی یادداشتِ تفاہم (MoU) پر دستخط کیے جائیں گے۔

اس معاہدے کے تحت فیڈرل بورڈ مکمل تکنیکی معاونت، تربیت اور رہنمائی کراچی اور سندھ ٹیکنیکل بورڈز کو فراہم کرے گا تاکہ وہ ای مارکنگ اور آٹومیشن سسٹمز کو اپنے نظام میں لاگو کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک اور انٹر طلباء کیلئے نیا گریڈنگ فارمولا جاری

ابتدائی مرحلے میں ہر صوبائی بورڈ سے دو افسران کو اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ میں خصوصی تربیت دی جائے گی۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد فیڈرل بورڈ کا قائم کردہ ای مارکنگ، OMR اور آٹومیشن کا نظام کراچی اور سندھ میں نافذ کیا جائے گا۔

کراچی بورڈ کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے اجلاس کو بتایا کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے ریاضی کے امتحان 2025 میں ای مارکنگ سسٹم کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کامیابی سے استعمال کیا جا چکا ہے جس کے نتائج حوصلہ افزا رہے۔

اجلاس میں فیڈرل بورڈ کے ڈائریکٹر آئی ٹی ڈاکٹر بشیر خان اور کنٹرولر امتحانات عقیل عمران نے بھی شرکت کی۔ اس جدید اقدام سے امتحانی نظام میں اعتماد، شفافیت اور معیار میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔