ب فارم ملے گا اب سیدھا موبائل پر،دفتر جانے کا جھنجھٹ ختم
NADRA B-Form online
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) نادرا نے ایک اور جدید سہولت متعارف کراتے ہوئے شہریوں کو لمبی قطاروں اور دفاتر کے چکروں سے نجات دلادی۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق شہری اگر پاک آئی ڈی ایپ (Pak-ID App) کے ذریعے ’ب فارم‘ کیلئے درخواست دیتے ہیں تو فارم مکمل ہونے کے بعد براہِ راست ان کے موبائل ایپ میں موجود ہوگا۔ صارف اپنی ٹریکنگ آئی ڈی کے ساتھ دیے گئے پی ڈی ایف آئیکن پر کلک کریں تو ب فارم یا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) خود بخود موبائل والٹ میں محفوظ ہو جائے گا۔

نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن 5.0.4 بھی جاری کر دیا ہے، جس نے شناختی خدمات کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور تیز بنا دیا ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد شہری نہ صرف ب فارم حاصل کر سکتے ہیں بلکہ اپنا موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس بھی ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔

اپنا نمبر تبدیل کرنے کیلئے صارفین کو صرف ایپ کھول کر پروفائل سیٹنگز میں جانا ہوگا، وہاں ایڈٹ موبائل کا آپشن منتخب کر کے نیا نمبر درج کریں۔ اس کے بعد ایک ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) آپ کے نمبر پر بھیجا جائے گا، جو درج کرتے ہی نیا نمبر فوری طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، اکتوبر کی نئی قسط کی ادائیگی کا آغاز

نادرا کے مطابق ایک فعال موبائل نمبر کو پروفائل سے منسلک کرنے کے بعد شہری اپنے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن اور دیگر اہم خدمات سے متعلق اپ ڈیٹس براہِ راست حاصل کر سکیں گے۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ دفتر جانے کی زحمت بھی ختم ہو گئی ہے۔

یہ سہولت نادرا کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت وہ شہریوں کو ڈیجیٹل شناختی نظام سے جوڑ رہا ہے، تاکہ ہر پاکستانی اپنے موبائل فون کے ذریعے شناختی خدمات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکے۔