
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال ،طارق فضل چودھری ، مشیر رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان سیاسی تنازع کے محرکات کا جائزہ لیا گیا،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
دوران اجلاس وفاقی وزرا نے وزیراعظم کو بتایا کہ پیپلز پارٹی کا ایشو وفاقی نہیں پنجاب حکومت سے ہے، پارٹی رہنماؤں نے دونوں طرف سے متنازع بیان بازی بند کرنے کی تجاویز دیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو پیپلز پارٹی کے تحفظات افہام و تفہیم سے دور کرنے اور اسپیکر اور وفاقی وزراء کو پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی بیانات کی بناء پر پیپلز پارٹی سے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہئیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطوں کو جاری رکھنے اور تحفظات دور کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا گیا، وزیر اعظم اس معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی بات کریں گے۔
علاوہ ازیں حکومت نے اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کو منانے کے جتن تیز کردیے، وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کو منانے کیلئے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں حکومتی وفد کراچی روانہ ہو گیا، حکومتی وفد کراچی میں پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات کرے گا، وفد میں اسحاق ڈار اور رانا ثنا اللہ بھی شامل ہیں۔