
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے بتایا کہ یکم ستمبر سے 7 اکتوبر تک 1 لاکھ 28 ہزار شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، لائسنس بنوانے کی شرح میں 540 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ 8 سالوں میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے دو بڑے لائسنس مراکز اور سہولت وینز کو چوبیس گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن کھلا رکھا، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مہم سے فائدہ اٹھا سکیں۔
کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہریوں نے ٹریفک پولیس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، جس پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ آج سے بغیر لائسنس ڈرائیورز کیخلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا نے شناختی کارڈ بنانے کا طریقہ مکمل طور پر بدل دیا
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دورانِ سفر اپنا ڈرائیونگ لائسنس لازمی ہمراہ رکھیں اور جنہوں نے لائسنس ابھی نہیں بنوایا وہ لرنر پرنٹ حاصل کر لیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یہ مہم شہریوں کی سلامتی اور قانون کی پاسداری یقینی بنانے کیلئے جاری رہے گی۔



