جشن بہاراں: محفوظ بسنت کی اجازت دیئے جانے کا امکان
حکومت کی جانب سے جشن بہاراں کے دوران ثقافتی سرگرمی کے طور پر محفوظ بسنت کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے
حکومت کی جانب سے جشن بہاراں کے دوران ثقافتی سرگرمی کے طور پر محفوظ بسنت کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) بسنت کے شوقین افراد کیلئے اچھی خبر آگئی۔ حکومت کی جانب سے جشن بہاراں کے دوران ثقافتی سرگرمی کے طور پر محفوظ بسنت کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت محفوظ بسنت کے انعقاد کے امکانات جاننے کیلئے مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں محفوظ بسنت کی مشروط اور محدود اجازت کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک اور انٹر طلباء کیلئے نیا گریڈنگ فارمولا جاری

اجلاس میں جشن بہاراں کے دوران مخصوص دنوں کیلئے بعض علاقوں میں محفوظ بسنت کے امکانات زیر بحث آئے، جس میں پتنگ بازی پر ممانعت کے قانون میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور کیا گیا۔ بسنت کے کھلے عام اجازت نہیں دی جاسکی، کنٹرولد ماحول میں اجازت بارے مشاورت کی گئی۔ والڈ سٹی اتھارٹی محفوظ بسنت بارے عوامی رائے جاننے کیلئے سروے کرے گی۔
محفوظ بسنت کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ جشن بہاراں کے دوران ثقافتی سرگرمی کے طور پر محفوظ بسنت کی اجازت دی جا سکتی ہے، محفوظ بسنت منانے کیلئے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر سے این او سی لیا جائے گا، جس چھت یا احاطے کیلئے این او سی لیا جائے اسکے مالک کو حفاظتی اقدامات کا بیان حلفی دینا ہو گا۔
تجویز میں کہا گیا کہ تندی، دھاتی ڈور، مانجھا لگی ڈور کے استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی، پتنگ ساز، پتنگ فروش اور سپلائر کیلئے ڈپٹی کمشنر سے رجسٹریشن لازمی ہوگی، قانون کی خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخی کیساتھ قید اور جرمانے کی سزا ہوگی، بغیر اجازت پتنگ بازی اور فروخت کرنے والے بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا کاٹیں گے، محفوظ بسنت فیسٹیول کی بحالی روزگار اور سیاحت کے مواقع فراہم کرے گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، انسانی جانوں کیلئے خطرہ بننے والی پتنگ بازی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔