ایل این جی گیس کنکشن کی فیس سامنے آگئی
حکومت نے دس مرلے سے کم رقبے والے گھر کیلئے ایل این جی گیس کنیکشن کی فیس 21 ہزار 500 روپے مقرر کر دی
حکومت نے دس مرلے سے کم رقبے والے گھر کیلئے ایل این جی گیس کنیکشن کی فیس 21 ہزار 500 روپے مقرر کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے دس مرلے سے کم رقبے والے گھر کیلئے ایل این جی گیس کنکشن کی فیس 21 ہزار 500 روپے مقرر کر دی۔

 تفصیلات کے مطابق ایم ڈی سوئی ناردرن عامر طفیل نے ایل این جی گیس کنکشنز بارے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے عوام کی سہولت کیلئے 4 سال بعد گیس کنکشنز کی پابندی اٹھا لی ہے، وزیر اعظم نے ایل این جی والے کنکشنز کھولنے کی اجازت دی ہے، کمپنی نے اس ایل این جی کنکشنز منصوبے کیلئے ایک خصوصی آفس قائم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل

عامر طفیل کا کہنا تھا کہ ایل این جی کنکشنز کیلئے ایک اور ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، جن لوگوں نے پہلے درخواستیں دی تھیں ان کو گیس کنکشنز کیلئے خط بھجوا دیا گیا ہے، 2 لاکھ 44 ہزار صارفین پہلے سے لائن میں ہیں ان کو پہلے کنکشنز دیں گے، ایل این جی، ایل پی جی سے سستی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دس مرلے سے کم رقبے والے گھر کی کنکشنز فیس 21 ہزار 500 روپے ہوگی، دس مرلے والوں کو 23 ہزار روپے فیس دینا ہوگی، ارجنٹ فیس دے کر بھی نیا کنکشنز لگوایا جا سکے گا، ایل این جی کے ریٹ اوگرا ہی طے کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ افواہوں پر دھیان نہ دیں، گیس کا کنکشن شفافیت سے ملے گا، پہلے سال میں 3 لاکھ کنکشنز دیئے جائیں گے، آئندہ سالوں سے 6 لاکھ کنکشنز فراہم کیے جائیں گے۔