پنجاب حکومت کا 57000 رہائش گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور عوام دوست فیصلوں کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 57000 رہائش گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ بنالیا
پنجاب حکومت نے 57000 رہائش گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور عوام دوست فیصلوں کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 57000 رہائش گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ بنالیا۔ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے زیر انتظام معیاری اور سستی رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں 20000 رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے صوبہ بھر میں 41 سائٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ منتخب سرکاری زمینیں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے نام منتقل کی جانے کی منظوری دی گئی۔ صوبہ بھر کے 24 اضلاع میں سرکاری زمینوں پر رہائش گاہوں کی تعمیر کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کے لیے حتمی امدادی پیکیج کی منظوری

رہائش گاہیں آسان اقساط پر مستحق افراد کو دی جائیں گی، پروگرام کے تحت 16 اضلاع میں 250 مربع فٹ پر محیط رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے 22 سائٹس کا انتخاب کیا گیا۔ 5 اضلاع میں 530 مربع فٹ کی 3 منزلہ رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے 11 سائٹس کا انتخاب کیا گیا۔ 3 اضلاع میں 550 مربع فٹ پر محیط 4 منزلہ رہائش گاہوں کے لیے 8 سائٹس کا انتخاب کیا گیا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبہ پانچ سال میں مکمل کر لیا جائے گا، رہائش گاہوں میں شمسی توانائی نظام مہیا کیا جائے گا، بارشی پانی ذخیرہ کرنے کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا، رہائش گاہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کی جائیں گی، رہائش گاہیں ورلڈ بینک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے تعمیر کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ رہائشیوں کو ضروریاتِ زندگی کے مطابق تمام سہولیات کی بآسانی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، تعیمرات کے دوران معیار کی جانچ اور منصوبے کی نگرانی باقاعدگی سے یقینی بنائی جائے گی، افورڈیبل ہاؤسنگ منصوبہ بہترین حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔