نو مئی مقدمات: پنجاب حکومت نے عمران خان کا جیل ٹرائل بحال کردیا
 بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 9 مئی جی ایچ کیوحملہ کیس کا جیل ٹرائل بحال کردیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 9 مئی جی ایچ کیوحملہ کیس کا جیل ٹرائل بحال کردیا گیا۔

پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے جیل ٹرائل کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف جی ایچ کیوحملہ کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہونے کا امکان ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نےراولپنڈی پولیس کو اضافی سکیورٹی کیلئےمراسلہ لکھ دیا۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے 15 ستمبر کو جی ایچ کیو حملہ کیس ٹرائل کورٹ میں منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کو انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں ویڈیولنک پر پیش کیا گیا تھا۔

مقدمہ کے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے عمران خان کا جیل ٹرائل ختم کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے، جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کل صبح اڈیالہ جیل میں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سے اختلافات، تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کو بڑی آفر کردی

ان کا مزید کہنا تھا کہ سماعت کے دوران استغاثہ کے تین گواہان کے بیانات قلمبند کرائے جائیں گے، ڈی ایس پی مرزا جاوید،انسپکٹر یعقوب شاہ اور انسپکٹر ناظم حسین شاہ عدالت میں اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں گے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے سابق وزیراعظم کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہ ہم ویڈیو لنک کے ذریعے بانی کی پیشی کے خلاف درخواست دائر کریں گے، ہمارا موقف ہے کہ اگر جیل میں ٹرائل نہیں ہونا تو بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا جائے ۔