
پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی و سینیٹ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی و سینیٹ نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی جبکہ سینیٹ میں علامہ راجہ ناصرعباس کو اپوزیشن لیڈربنانے کی منظوری دے دی۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ اپوزیشن کل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے نام جمع کرائے گی۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ناموں کی نامزدگی کی تصدیق کردی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی جانب سے محمود اچکزئی اپوزیشن لیڈر نامزد، پارٹی کی مخالفت
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات ہمارے پاس موصول ہو گئی ہیں، محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں ہمارے اپوزیشن لیڈر ہوں گے، کل عامل ڈوگر اس کو سیکرٹریٹ میں فائل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں ہمارے اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس ہوں گے، ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہوتا، جب بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہمارے پاس آتی ہیں، ہمارا اس پہ من و عن عمل ہوتا ہے، ہم ہمیشہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آج میری شبلی فراز سے اور عمر ایوب سے بھی بات ہوئی، پہلے ہائی کورٹ کا سٹے تھا، اب جیسے ہی ہدایات آئیں ہم نے عمل کر لیا۔



