بھارت پاکستان پر دوبارہ میزائل حملہ کر سکتا ہے: سابق مشیر قومی سلامتی
سابق مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ممکنہ طور پر پاکستان پر ایک اور میزائل حملہ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے ۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ممکنہ طور پر پاکستان پر ایک اور میزائل حملہ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے ۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے "پاکستان کی تازہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کے مواقع اور بدلتی دفاعی حکمتِ عملی" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے موجودہ اندرونی سیاسی خلفشار نے دوبارہ جارحیت کے خطرے کو زیادہ ممکن بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جدید میزائل ٹیکنالوجی نئی دہلی کے کسی بھی جارحانہ منصوبے کا آسانی سے مقابلہ کر سکتی ہے، پاکستان، بطور واحد اسلامی جوہری ریاست، ہمیشہ دشمن کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتا رہے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے پاکستان کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ دفاعی کامیابیوں نے ملک کی حیثیت کو مضبوط کیا ہے جبکہ بھارت خود کو سفارتی طور پر مزید تنہا ہوتا ہوا محسوس کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

رِیٹائرڈ ایئر مارشل ساجد حبیب نے اس موقع پر کہا کہ پاک فضائیہ خطے میں اب بھی بے مثال ہے، اگر بھارت دوبارہ جارحیت کی کوشش کرے گا تو ہم ان کے سات نہیں بلکہ ستر طیارے گرا دیں گے، انہوں نے آپریشن سُوئفٹ ریٹارٹ کے دوران فضائیہ کی طاقت کے مظاہرے کی بھی تعریف کی۔

دریں اثناء ریئر ایڈمرل (ر) این۔اے رضوی نے گوادر بندرگاہ کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک بندرگاہ مکمل طور پر فعال نہیں ہو جاتی پاکستان کا دفاع دباؤ میں رہے گا، ہماری بحری افواج کسی بھی حملہ آور کا مقابلہ کر سکتی ہیں مگر طویل مدت میں اسٹریٹجک گہرائی کے لیے گوادر کی فعال کاری ضروری ہے ۔