
ترجمان وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق پاک ای پی اے اسلام آباد میں 17اکتوبر سے دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرے گی، وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں کی اچانک چیکنگ اور موقع پر دھواں ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں پر جرمانے یا ضبطگی کی کارروائی ہوگی، کریک ڈاؤن مہم وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور اسلام آباد پولیس کے اشتراک سے چلائی جائے گی، سموگ کے موسم سے قبل فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے خصوصی مہم شروع ہوگی۔
ترجمان نے شہریوں کو تنبیہ کی کہ شہری اپنی گاڑیوں کا دھواں ٹیسٹ 17 اکتوبر سے پہلے کروا لیں، کلیئرنس اسٹیکر حاصل نہ کرنے والی گاڑیاں جرمانے کی زد میں آ سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسانوں کیلئے فی ایکڑ 20 ہزار روپے امداد کی منظوری
وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں کا ٹیسٹ ڈی چوک اسلام آباد، ایف-9 پارک اور اسلام آباد ایکسپریس وے پر قائم مراکز میں کیا جا رہا ہے، شہری ٹیسٹنگ مراکز کی معلومات کے لیے پاک ای پی اے اسلام آباد سے دفتری اوقات کے دوران فون نمبر 9250713-051 پر رابطہ کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں سموگ اور فضائی آلودگی کی بڑی وجہ ہے، شہریوں سے التماس ہے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔



