کسانوں کیلئے فی ایکڑ 20 ہزار روپے امداد کی منظوری
Punjab farmer relief
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے فی ایکڑ 20 ہزار روپے مالی امداد دینے کی منظوری دے دی، تاکہ فصلوں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔

ملتان میں فصلوں کی صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری زراعت افتخار علی ساہو نے بتایا کہ صوبے بھر میں تقریباً 2 ہزار ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا سروے کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پہلے ہی مالی امداد کی منظوری دے چکی ہیں تاکہ کسانوں کو فصلوں کے نقصانات کے بعد سہارا مل سکے۔

افتخار علی ساہو نے مزید بتایا کہ حکومت نے گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ کپاس کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اب تک 26.5 لاکھ گانٹھ پھٹی حاصل کی جا چکی ہے جو گزشتہ سال کے 18.46 لاکھ گانٹھوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نادرا نے شہریوں کو بڑی سہولت مفت فراہم کردی

انہوں نے کہا کہ بینک آف پنجاب ہر تحصیل میں خصوصی کاؤنٹر قائم کرے گا تاکہ متاثرہ کسانوں کو امدادی رقم کے حصول میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ سیلاب زدہ علاقوں کے مستحقین کو کارڈ ملنے کے بعد فوری طور پر 50 ہزار روپے تک کی رقم فراہم کی جائے گی۔

سیکریٹری زراعت نے کہا کہ حکومت کسانوں کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنی فصلوں کی کاشت شروع کر سکیں۔